پی آئی اے، 34 میں سے 17 طیارے گرائونڈ، کروڑوں ڈالر کا نقصان

13 دسمبر ، 2024

پیرس، کراچی (رضا چوہدری، نیوز ایجنسی ) قومی ایئر لائن کے شعبہ انجینئرنگ کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے سبب 34 کے فلیٹ میں سے 17طیارے گرائونڈ ہوگئے، کروڑوں ڈالر کا نقصان، پی آئی اے کی 10 جنوری کو پیرس کیلئے پہلی پرواز کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جہاز کو پیرس ائیر پورٹ پورٹ پر ٹیکنیکل فٹنس کا سامنا کرنا پڑا تو دوبارہ پابندی لگ سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7گرائونڈ ہیں، ایئر بس 320ساختہ 17طیاروں میں سے 7گرائونڈ ہیں، 5اے ٹی آر طیاروں میں سے 3ناکارہ ہوگئے ہیں جبکہ صرف اے ٹی آر 2 طیارے فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔ گرائونڈ ہونے والے طیاروں میں زیادہ تر طیارے انجن، لینڈنگ گیئر سمیت دیگر پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے گرائونڈ کیے گئے ہیں، اس وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔ پی آئی اے کے زیادہ تر طیارے کئی سال سے گرائونڈ ہیں اور ان طیاروں کے زیادہ تر پرزہ جات دوسرے طیاروں میں استعمال کیے جا چکے ہیں۔