فواد چوہدری کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم ،نوٹیفکیشن جاری

22 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ فواد چوہدری پر پی ٹی آئی کی قیادت پر مسلسل تنقید ، 9 مئی اور 26 نومبر کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ عدم ہمدردی اور سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے حامیوں کی کردار کشی کی کوشش کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے آپ سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ان اقدامات کے نتائج کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا، آپ پہلے ہی 2022 میں پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ آپ نے پارٹی ہدایات کو بھی نظر انداز کیا لہذا آپ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت فوری طور پر ختم کی جاتی ہے۔ فواد چوہدری کو آئندہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ وابستگی اور اپنے نام کیساتھ پارٹی کا نام استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔