بانی چیئرمین PTI سانحہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ ساز، وزیراطلاعات

22 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی ،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ ساز تھا، سانحہ 9 مئی کے سیاسی دہشت گرد کیفر کردار کو پہنچے،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ 9مئی کے بھیانک دن کے منصوبہ ساز پر قانون جب تک ہاتھ نہیں ڈالتا یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملک دشمن عناصر کو سزائیں سنا دی گئی ہیں، یہ خوشی کا دن ہے، شہداء کے لواحقین کو انصاف مل گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، پی ٹی آئی نے ملک میں نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، ہم نے بھی جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور کبھی بھی تشدد، انتشار اور نفرت کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج شہداکے لواحقین کو انصاف ملک گیا ہے، اس گھناو نی سازش میں ملوث دیگر عناصر کے چہرے بھی بے نقاب ہونگے اور سانحہ 9 مئی کیس منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج سانحہ 9 مئی کے 25 ملزموں کو سزائیں سنائی گئی ہیں، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ امریکا اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوتا، اس تاخیر نے ملزموں اور انکے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھائے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایک تاریک دن کی مذمت سے بھی گریز کیا گیا، مذمت سے گریز کرکے شہدا اور غازیوں کی توہین کرنے والوں کو ہیرو بنایا گیا، ابھی تو جو کارکن استعمال ہوئے قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھیانک دن کے منصوبہ ساز پر قانون جب تک ہاتھ نہیں ڈالتا یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا، قانون بھیانک دن کے منصوبہ ساز پر ہاتھ نہیں ڈالتا تو ایسے عناصر کے حوصلے وطن دشمن بڑھاتے رہیں گے۔