بانی PTIنے ذہن سازی کی جسکی وجہ سے جناح ہائوس پر حملہ کیا

22 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) ملٹری یونیفارم کی شرٹ پہن کر ویڈیو بنائی اور پھر اس شرٹ کو جلا دیا، 9 مئی کے مجرمان کا اعترافی بیان سامنے آئے ہیں۔ مجرم جان محمد نے جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ملٹری یونیفارم کی شرٹ پہن کر ویڈیو بنائی اور پھر اس شرٹ کو جلا دیا۔ مجرم علی شان نے بیان دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فوج مخالف تقاریر نے انکی ذہن سازی کی، جسکی وجہ سے انہوں نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، ”میں نے جناح ہاؤس میں جا کر توڑ پھوڑ کی۔“ مجرم بابر جمال خان نے بھی اعتراف کیا کہ وہ میانوالی بیس پر حملے میں ملوث تھا۔ مجرم داؤد خان نے کہا کہ یاسمین راشد اور حسان نیازی کے اکسانے پر جناح ہاؤس پر حملہ کیا اور یہ بھی کہا کہ تقاریر کے ذریعے ان کے ذہنوں میں نفرت پیدا کی گئی۔ مجرم محمد حاشر نے کہا کہ ”میں نے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔“ جبکہ فہیم حیدر نے یہ بیان دیا کہ پی ٹی آئی نے انہیں جناح ہاؤس حملے کیلئے ذہن سازی کی۔ مجرم عاشق خان نے کہا کہ انہیں زمان پارک میں حملے کیلئے تربیت ملتی رہی اور اکسانے پر انہوں نے جناح ہاؤس حملے میں حصہ لیا۔ مجرم بلال نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ذہن سازی ہوئی۔