جی ایچ کیو حملہ کیس، مجموعی طور پر 116 ملزمان پر فردِ جرم عائد

22 دسمبر ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کے حکم پر وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کو دو مقدمات میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی، ملزم کیخلاف اٹک کے تھانہ حضرو میں پچیس نومبر کو دو مقدمات درج کئے گئے تھے گزشتہ روز پولیس نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو بتایا کہ ملزم روپوش ہے تمام تر کوششوں کے باوجود ان تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی لہذا انہیں اشتہاری قرار دیا جائے جس پر عدالت نے ملزم کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا، علاوہ ازیں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید تین ملزمان زین قریشی، راجہ ناصر محفوظ اور شہباز احمد پر فرد جرم عائد کر دی دوران سماعت زین قریشی کے حاضر نہ ہونے پر عدالت نے ان کے وکیل علی بخاری کے ذریعے فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی، یوں اس مقدمہ میں 116 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے، گزشتہ روز سرکاری وکیل نے باقی ماندہ تین ملزمان بلال اعجاز، عاصم اور شہیر سکندر سے متعلق عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے لہذا انکے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا جائے۔