خیبر پختونخوا ؛انضمام شدہ نئے اضلاع کیلئے ٹیکس ر جیم ؛ وزیر اعظم نے 8رکنی کمیٹی بنا دی

22 دسمبر ، 2024

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم نےخیبر پختونخوا کے انضمام شدہ نئے اضلاع کیلئے ٹیکس ر جیم کے نفاذ کے ایشو پر وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصو بائی رابطہ ڈویژن رانا ثنا ء اللہ کی سر بر اہی میں 8رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی انضمام شدہ اضلاع کیلئے تشکیل شدہ وزیر اعظم کمیٹی کی 10جون 2024 کی سفارشات پر عملد ر آمد کیلئے حکمت عملی وضع کرے گی ،کمیٹی کے دیگر ممبران میں وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و سیفران انجینئرامیر مقام ‘ وزیر مملکت برائے خزانہ علی پر ویز ملک ‘ چیئر میں ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال ‘ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ‘ پاکستان ایسو سی ایشن آف لارج سٹیل پرودکشن کا نمائندہ ‘ پا کستان وناسپتی مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن کا نمائندہ اور سابق صدر کے پی سی سی آئی زاہد اللہ خان شنواری شامل ہیں ۔ کمیٹی کی ٹی او آرز( tors) جاری کر د ی گئی ہیں۔ کمیٹی انضمام شدہ اضلاع کیلئے تشکیل شدہ وزیر اعظم کمیٹی کی دس جون 2024 کی سفارشات پر عملد ر آمد کیلئے حکمت عملی وضع کریگی۔کمیٹی اس وقت موجود ٹیکس استثنی ٰ رجیم کا جائزہ لیگی ۔ کمیٹی اس استثنیٰ کی وجہ سے ہونیوالےریونیو کے نقصان اور اس کے غلط استعمال کی وجہ سے ٹیکس دینے والی صنعت پر پڑنے والے اثرات کا جا ئزہ لے گی ۔کمیٹی سٹیرنگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق 30 جون 2025کواستثنیٰ کے خاتمہ کے بعد ان علاقوں کو ٹیکس رجیم میں لانے کیلئے سفارشات تیار کرے گی۔ کمیٹی شعور اجاگر اور انڈسٹری کو نارمل ٹیکس رجیم میں لانے کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کریگی۔کمیٹی چار ہفتے بعد اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریگی۔