PTIسے مذاکرات،شہباز،نوازشریف سے مشاورت بعد کمیٹی بنائینگے

22 دسمبر ، 2024

اسلام آباد ( طاہر خلیل)حکومت اپوزیشن مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی پارٹی سربراہ نواز شریف اور حلیف جماعتوں سے مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی بنائے جانے کا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق قائم کریں گے پارلیمانی کمیٹی رواں ہفتے بنانے کا امکان ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی مصروفیات کی وجہ سے یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا، کمیٹی کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، پارلیمانی کمیٹی کو فیصلوں کا مکمل اختیار ہوگا،پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت کا موقف ہے کہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھنا سب سے اہم ہے، فریقین کو خلوص دل سے مسائل سے نکلنے کیلئے ٹیبل پر بیٹھ کر مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے، ہمارے حقوق متاثر ہوئے ہیں، ہم مطالبات تو کرتے رہے ہیں، مطالبات پر تو آپ پابندی نہیں لگا سکتے ، شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے بھیک نہیں مانگیں گے، حکومت پہل کرے گی، سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے انا کو گھر چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔