2024کے دوران اسپین پہنچنے کی کوشش میں 10ہزار سے زائد ہلاکتیں

28 دسمبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک)2024کے دوران اسپین پہنچنے کی کوشش میں10ہزار سے زائد ہلاکتیں، مہاجرین کے حقوق کیلئے سرگرم ہسپانوی گروپ کے مطابق رواں برس ہر روز اوسطا30تارکین وطن کشتیوں کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک ہسپانوی گروپ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سمندر ی راستے سے اسپین پہنچنے کی کوشش میں 10 ہزار سے زائد تارکین وطن ہلاک ہوئے۔ کامیناندو فرنتیراس (واکنگ بارڈرز) نامی اس گروپ کے مطابق اس تعداد کا مطلب ہے کہ رواں برس ہر روز اوسطاﹰ 30 تارکین وطن کشتیوں کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس مجموعی طور پر اموات میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سن 2024 میں مغربی افریقہ سے ہزارہاتارکین وطن افریقی ساحل کے قریب واقع ہسپانوی جزائر کیناری پہنچے۔ ان جزائر کو یورپ کی مرکزی سرزمین تک پہنچنے کے لیے پہلا پڑاؤ سمجھا جاتا ہے۔ کامیناندو فرنتیراس کی رپورٹ کے مطابق 15 دسمبر تک ریکارڈ کی گئی 10,457 اموات میں سے زیادہ تر اسی سمندری راستے میں ہوئیں جسے اٹلانٹک روٹ کا نام دیا جاتا ہے، اور جسے دنیا کے سب سے خطرناک سمندری راستوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔