چینی وفد کی مریم نواز سے ملاقات، پنجاب میں E ٹیکسی، سمارٹ ٹرانسپورٹ، کمپیوٹنگ سینٹر و دیگر شعبوں میں2 کھرب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان

05 جنوری ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے فوری ثمرات آنا شروع ہو گئے۔وزیرِ اعلیٰ سے چین کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔جس میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی ہب مس اسکارلٹ اور ڈپٹی سی ای او ہواوے مسٹر یو رے شامل تھے۔چینگ ڈونے تقریباً 2کھرب روپے(700ملین ڈالر) کی انوسٹمنٹ پر رضامند ی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفشل انٹیلی جنس سنٹر بنانا چاہتے ہیں -پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی ہب بنے گا -اپنے بچوں کو آئی ٹی میں میں سب سے برتر دیکھنا چاہتے ہیں۔چینگ ڈو حکو مت کے تعاون سے ای- ٹیکسی سروس کا جلد آغاز ہو گا۔لاہور نوازشریف آئی ٹی سٹی میں چینی کمپنی کمپیوٹنگ سنٹر بھی قائم کرے گی۔ ملاقات میں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا او رکلاؤڈ سنٹر قائم کرنے ،پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم پرپر اتفاق کیا گیا۔ حکومت پنجاب ڈیٹا اور کلاؤڈ سنٹر قائم کرنے کیلئے ا راضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی۔چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کے لئے ٹریننگ بھی دے گی۔ لاہور میں چینی اشتراک کار سے سمارٹ کنٹرو ل روم، سمارٹ ٹریفک کنٹرول، سمارٹ ٹرانسپورٹ، سمارٹ سینی ٹیشن سنٹر قائم ہوگا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور وفد کو دورہ چین میں جدید ترین ڈیجیٹل سنٹرز کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کیلئے اے آئی انڈسٹری سنٹر قائم ہوگا۔ چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کیپسٹی بلڈنگ کیلئے بھی معاونت کرے گی۔ فیز تھری میں انڈسٹریز کے قیام کیلئے لوکل انوسٹمنٹ میں معاونت کا جائزہ لیا گیا۔پاکستانی نوجوانوں کوٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں سے متعارف کرانے کیلئے بھی اشتراک کار کیا جائے گا۔