ٹرمپ کو صدارتی حلف سے قبل ’ہش منی کیس‘ میں سزا سنائے جانے کا امکان

05 جنوری ، 2025

واشنگٹن ( آن لائن ) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو20جنوری کو عہدے کے حلف اٹھانے سے قبل ’ہش منی کیس‘ ( یعنی کسی شخص کو مخصوص راز افشا نہ کرنے کے عوض رقم دینا ) میں نیو یارک کی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جج جوآن مرچن نے کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ جو سزا پانے والے پہلے امریکی صدر ہیں،10جنوری کو داتی حیثیت میں یا آن لائن پیش ہوسکتے ہیں۔18صفحوں پر مشتمل فیصلے میں جج جوآن مرچن نے نیو یارک کی جیوری کی جانب سے دی جانے والی سزا کو برقرار رکھا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلا کی طرف سے سزا کالعدم قرار دینے کی متعدد درخواستوں کو رد کیا۔جج کا کہنا تھا کہ نو منتخب امریکی صدر کو جیل بھیجنے کے بجائے ’ان کنڈیشنل ڈسچارج‘ کیا جائے گا۔اس فیصلے کے تحت جرم ثابت ہوجاتا ہے تاہم جیل جانے کے معاملے میں رعایت دی جاتی ہے اور جرمانہ ادا کیا جاسکتا ہے۔تاہم اس فیصلے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ سزا یافتہ شخص کے طور پر وائٹ ہاؤس میں داخل ہوں گے۔ 78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ممکنہ طور پر 4 سال قید ہوسکتی ہے۔’ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناجائز سیاسی حملہ قرار دیا۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’فیصلہ غیر قانونی اور ملکی آئین کے خلاف ہے۔’خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو گزشتہ سال مئی میں نیورک کی عدالت نے 34 الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔