9مئی، 26نومبر کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے،یاسمین راشد

05 جنوری ، 2025

لاہور (صباح نیوز) تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ ہم ملٹری کورٹس کو نہیں مانتے، انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی حساب نہیں رہا ، امید رکھتے ہیں کہ سیاستدان اکٹھے ہو کرسمجھداری کی بات کریں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے انسداد دہشتگردی عدالت میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی اور 26 نومبر کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے، اگر غلطی ہوئی تو سزائیں دیں، لوگوں نے اس وجہ سے ری ایکٹ کیا تھا کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو پکڑا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم جمہویت ہے اور جمہوریت احتجاج کا حق دیتی ہے، پوی دنیا میں ہم بے عزت ہو رہے ہیں، ہم ملٹری کورٹس کو نہیں مانتے سویلین کا ٹرائل سویلین کورٹس میں ہونا چاہئے، ہماری کوئی خاص ڈیمانڈ نہیں ہے، صرف بانی پی ٹی آئی اور ہمارے کارکنوں کو چھوڑ دیں ۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ لوگوں کے لیے بڑی سہولت تھی، جسے اس لیے ختم کیا گیا تا کہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے۔