کرپشن کیس:سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی فردِ جرم عائد کرنے کیلئے منگل کو طلب

05 جنوری ، 2025

لاہور(آئی این پی)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کیس میں فرد جرم کے لیے منگل 7 جنوری کو طلب کرلیاہے۔ عدالت نے اسی ریفرنس میں محمد خان بھٹی سمیت دیگرملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا ۔عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 7 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر تمام ملزم حاضر ہوتے تو عدالت فردِ جرم عائد کرتی، عدالت محسوس کرتی ہے کہ حاضر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے۔عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت کسی قسم کی مزید تاخیر نہیں کرتی، گزشتہ سماعت پر محمد خان بھٹی طبی بنیادوں پر پیش نہیں ہوئے تھے۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہیٰ کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے پرویز الہی ٰکی ایک پیشی کے لیے استنثی ٰکی درخواست کو منظور کیا ہے۔عدالت نے تحریری حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ محمد خان بھٹی، خالد محمود چٹھہ، آصف محمود، نعیم اقبال، محمد اصغر اور اسد علی پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔