ریموٹ کنٹرول مذاکرات مثبت نتائج نہیں دے سکتے،لیاقت بلوچ

05 جنوری ، 2025

لاہور(صباح نیوز)جماعتِ اسلامی کے نائب امیر اورسیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول مذاکرات مثبت نتائج نہیں دے سکتے، وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے تکرار کے ساتھ ملک دشمنوں کا تذکرہ کیا جارہا ہے، حکومت اور ریاستی اداروں کا صرف نشاندہی کردینا کافی نہیں، حقائق کی بنیاد پر ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کرنا حکمرانوں کی قومی ذمہ داری ہے۔ وفودسےملاقاتیں، تعزیت اورشخصیات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بحرانوں سے نجات بااعتماد، بااختیار سیاسی مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔ ریموٹ کنٹرول جمہوریت، ریموٹ کنٹرول مذاکرات مثبت نتائج نہیں دے سکتے۔ پی ٹی آئی-حکومت کے درمیان مذاکرات اچھا آغاز ہے، اِن مذاکرات کو قومی ترجیحات، قومی ڈائیلاگ اور گرینڈ پائیدار نتائج کا ذریعہ بنانا قومی سیاسی قیادت کے لیے بڑا ٹاسک ہے۔ بے بنیاد، مصنوعی اور سطحی پاپولر سیاست ناکام ماڈل ہے۔ کرپشن بدترین ناسور ہے جو ریاستی اور سماجی نظام کی ہر ہر رگ میں سرائیت کرچکی ہے۔ احتساب کا نظام متنازع اور بیکار کردیا گیا ہے جس سے معاشرتی، سماجی خرابیاں بڑھ گئی ہیں اور معاشی تباہی کی رفتار مزید تیز ہوگئی ہے۔