کوئٹہ میں کتب میلے سے نئے سال کا آغاز ‘سریاب روڈ پر سٹال لگا یاگیا

05 جنوری ، 2025

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں نئے سال کا کتب میلہ سے آغاز ، سریاب روڈ پر نوجوانوں نے سڑک کنارے کتابوں کا سٹال لگایا ، عوام کی کتابوں میں دلچسپی ۔ پیر کو سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب پڑاؤ ادبی کچاری کے زیراہتمام سال نو کے موقع پر کتابوں کا اسٹال لگایا گیا ، جس میں مختلف موضوعات پر کتابیں رکھی گئی تھیں ، عوام کا جم غفیر اسٹال پر امڈ آیا ، منتظمین کے مطابق اسٹال لگانے کا مقصد نوجوانوں میں کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینا اور انہیں کتابوں کے ذریعے علم کی اہمیت کا شعور دینا ہے دوسری جانب نوجوانوں نے کتابوں کا اسٹال لگانے کا خیر مقدم اور اس اقدام کو مثبت تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف علم میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ایک نئے فکری سفر کا آغاز بھی ہوتا ہے ، پڑاؤ ادبی کچاری کی اس کوشش کو نہ صرف نوجوانوں بلکہ مقامی افراد نے بھی سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے نوجوانوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی اور وہ علم کی جانب راغب ہوں گے ۔