2024۔ سولر صارفین کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 56ہزار ہو گئی

05 جنوری ، 2025

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)نیشنل الیکٹرک ریگیولیٹری اتھارٹی نیپرانے بجلی کے نظام میں موجود خامیوں اور نقائص کو اجاگر کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2024 میں سولر صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔نیپرا کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں سولر صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے اور سولر صارفین کی تعداد بڑھ کرایک لاکھ 56 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سولر نیٹ میٹرنگ کی صلاحیت 2 ہزار 200 میگاواٹ تک جا پہنچی ہے، دیہی علاقوں میں شمسی توانائی میں زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، سولر کے بڑھتے ہوئے رجحان سے ہزاروں میگاواٹ کے پینلز درآمد کیے گئے ہیں۔نیپرا نے زور دیا ہے کہ سولر کے بڑھتے ہوئے استعمال کو دیکھتے ہوئے پالیسی سازوں کو مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 45 ہزار 888 میگاواٹ ہے اور مالی سال 2023-24 میں 66 فیصد بجلی کی صلاحیت کو استعمال ہی نہیں کیا گیا۔نیپرا نے کہا کہ بجلی کی صلاحیت سے کم استعمال کا خمیازہ صارفین کو کو بھگتنا پڑا، کپیسٹی پیمنٹ اور مہنگی بجلی کی قیمت ادا کرنا پڑی، اسی طرح بجلی کی قیمت میں17 روپے فی یونٹ کپیسٹی پیمنٹ کی مد میں ادا کیے گئے۔