قیمتوں میں اضافے کے باعث زیورات کی خریداری میں 50 فیصد کمی

05 جنوری ، 2025

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سال 2024 میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا،سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے رجحان نے عوام کو چاندی کے زیورات اور مصنوعی جیولری خریدنے پر مجبور کردیا،رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے ہیں سونے کی قیمت میں روز بروز اضافے کے بعد چاندی اور مصنوعی جیولری کی دکانوں پر رش بڑھ گیا ہے۔ جیولرز کے مطابق قیمتیں بڑھنے سے سونے کے زیورات کی مانگ میں 50 فیصد تک کمی آئی ہے، سونے کے زیورات کی صنعت سے منسلک زیادہ تر افراد اب چاندی کا زیور بنانے لگے ہیں،سیکرٹری جنرل بلوچستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نعیم رمضان کے مطابق سونے کی قیمت بڑھنے سے زیورات سازی کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے، بہت سارے لوگ اب سونے کو چھوڑ کر چاندی کے کاروبار میں آگئے ہیں۔جیولرز کے مطابق اگر اسی طرح پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی جارہی رہی تو چاندی اور مصنوعی جیولری کی طلب میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔