ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی نے زمینداروں کے مطالبات کی حمایت کردی

05 جنوری ، 2025

کوئٹہ(پ ر)آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی ،سیکرٹری جنرل حاجی میر اکبر لہڑی ،نائب صدور حاجی ولی خان اچکزئی ،حاجی موسیٰ جان اچکزئی ،حاجی علی محمد ،حاجی سیف الدین بڑیچ، نصراللہ دہوار اور دیگر نے زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے مطالبات اور احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر زمینداروں کے مسائل فوری طور پر حل نہ کئے گئے تو ٹرانسپورٹرز کمیٹی احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی ۔بلوچستان میں زمینداری کے شعبے کو تباہی سے بچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، کیونکہ زمینداری نہ صرف معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار کا واحد ذریعہ بھی ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی سے زمینداروں کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے اور یہ صورتحال پورے صوبے کی معیشت کو مفلوج کر رہی ہے۔زمینداروں کو صرف آٹھ گھنٹے بجلی کی فراہمی سراسر نا انصافی ہے، جو کہ زمینداری کیلئے ناکافی ہے۔انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینداروں کے لیے بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے، ان کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔