ہش منی کیس، عدالت کا ٹرمپ کی سزا برقرار رکھنے کا اعلان

05 جنوری ، 2025

واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی عدالت نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ہش منی کیس میں ان کی سزا برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے، انہیں 10 جنوری کو سزا سنائی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ ٹرمپ سزا یافتہ شخص کے طور پر عہدہ صدارت سنبھالیں گے۔ نومنتخب صدر نے عدالتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور غیر قانونی سیاسی حملہ قرار دیا۔ جج کا کہنا تھا کہ نو منتخب امریکی صدر کو جیل بھیجنے کے بجائے ’غیر مشروط ڈسچارج‘ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل ’ہش منی کیس‘ (یعنی کسی شخص کو مخصوص راز افشا نہ کرنے کے عوض رقم دینا) میں نیو یارک کی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جج جوآن مرچن نے کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ جو سزا پانے والے پہلے امریکی صدر ہیں، 10 جنوری کو ذاتی حیثیت میں یا آن لائن پیش ہوسکتے ہیں۔‘ 18 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جج جوآن مرچن نے نیو یارک کی جیوری کی جانب سے دی جانے والی سزا کو برقرار رکھا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلا کی طرف سے سزا کالعدم قرار دینے کی متعدد درخواستوں کو رد کیا۔