بھارت سے ہندو یاتری آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے

05 جنوری ، 2025

لاہور (اے پی پی) بھارت سے ہندو یاتری5 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان کے مطابق میر پور میتھلو (سندھ ) میں واقع ہندو مذہب کے قدیمی شادانی دربار حیات پتافی کی یاترا اور شو اوتاری، ست گورو اور سنت سوامی شادارام کے یوم پیدائش کی تقریبات کیلئے بھارت سے ہندو یاتری 5جنوری بروز اتوار واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان ممبر پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی امیت شادانی مہمانوں کا استقبال کرینگے۔ وفاقی حکومت اور چیئرمین بورڈ عطاء الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر جاوید اعوان نے کہا کہ ہندو یاتری صوبہ سندھ میں واقع دربار حیات پتافی، میر پور میتھلو، یوگ ماتا مندر عاقل پور، گھوٹکی، پنو عاقل، سکھر میں موجود قدیمی سادھو بیلہ مندر اور دیگر مذہبی مقامات کا دورہ اور 14جنوری کو ایک روز ننکانہ صاحب میں قیام کرینگے۔ یاتری دورہ پاکستان مکمل ہونے کے بعد 15 جنوری کو واپس بھارت روانہ ہونگے۔