تحریری مطالبات حکومت کے حوالے کردیں،بیرسٹر گوہر کی ٹیم کو ہدایت

05 جنوری ، 2025

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار ) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مذاکراتی ٹیم کو مطالبات تحریری شکل میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ،مذاکرات کا آئندہ دور جمعرات 9جنوری کو ہونے کا امکان، قومی اسمبلی کا اجلاس 13جنوری کو ہوگا،مذاکرات بھی جاری رہیں گے،بیرسٹر گوہر کا خیال ہے کہ 190 ملین پاونڈ کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا،خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کے اپیکس کمیٹی کے بند کمرے کی گفتگو پر تبصرے کانوٹس لے لیا گیا ہے،انتباہ جاری ہوگا، تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مصروف اپنی ٹیم کو ہدایت کردی ہے کہ وہ اپنے مطالبات تحریری شکل میں حکومتی ٹیم کے حوالے کردیں اور مذاکرات میں غیر ضروری تاخیر سے بچنے کی کوشش کریں۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنی ٹیم سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کےساتھ ان مشکلات کی تفصیل بھی بیان کریں جن کا انہیں سامنا رہاہے۔ اس دوران جنگ/دی نیوز کو پتہ چلا ہے کہ مذاکرات کا آئندہ اور تیسرا دور جمعرات 9جنوری کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا جس میں حزب اختلاف کی طرف سے تحریک انصاف کے مطالبات پیش کئے جائیں گے۔ معلوم ہواہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس ماہ ر واں کے دوسرے ہفتے میں طلب کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے لئے وزارت قانون و پارلیمانی امور آئندہ ہفتے سمری ایوان وزیراعظم کو ارسال کردے گی توقع ہے کہ اجلاس پیر 13 جنوری سے شروع ہوگا اور اختتام مہینہ تک جاری رہےگا پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے علاوہ پارلیمانی ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس بھی اسی ہفتے شروع ہوگا اوردونوں ایوانوں میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کا چرچا رہے گا۔ باور کیا جاتا ہے کہ مذاکرات کا عمل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کے ساتھ ساتھ بھی جاری رہ سکتاہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر علی خان نے ’’جنگ‘‘ کے استفسار پر ہفتے کی شام بتایا ہے کہ ایک سونوے ملین پائونڈ کے مقدمے کا فیصلہ آنے کی صورت میں بھی مذاکرات جاری رہیں گے ان کا کہنا ہے کہ ان فرسودہ مقدمات اور ان کے فیصلوں سے فضا پربرے اثرات مرتب ہوتے ہیں اس کے باوجود ملکی مفاد میں مذاکرات کا جاری رہنا موزوں ہوگا۔ انہوں نے قیاس آرائیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممکن ہے کہ کل (پیر) اس مقدمے کا فیصلہ نہ سنایا جائے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہوسکتاہے کہ مقدمے کا فیصلہ قلمبند نہ ہوسکا ہو جس کے باعث تاخیر ناگزیر ہوگئی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عمران خان سے کل (پیر) اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے اور ان سے مجموعی تازہ ترین صورتحال کےبارے میں تبادلہ خیال کرینگے۔ اس اثناء میں ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپورکے ایپکس کمیٹی کی بند کمرے کی گفتگو پر تبصرے کانوٹس لے لیا گیا ہے جس کے شرکاء کو سختی سے پابند رکھا گیا ہے کہ اس میں ہونے والی بات چیت اور زیر غور آئے معاملات پر باہر آکر وہ کوئی بات نہیں کرسکتے اس سلسلے میں انہیں سرکاری اعلامیہ پر انحصارکا پابند بنایا گیاہے۔ علی امین گنڈاپور نے دیروزہ اجلاس کی اندرونی گفتگو پر سڑک کنارے تبصرہ کرکے اس پابندی کی خلاف ورزی کاارتکاب کیاہے ذرائع کے مطابق انہیں اس بارےمیں ضروری انتباہ ارسال کیا جارہا ہے اورا نہیں اس امرکاپابند بنایا جارہاہے کہ وہ آئندہ ایسے اعلیٰ سطح اور حساس اجلاس کے سلسلےمیں غیر معمولی احتیاط سے کام لیں ان پر واضح کیا جارہاہے کہ حساس حکومتی معاملات کومکمل طور پر سیاسی مقاصد سے الگ رکھا جائے۔