روس، دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کا شبہ، 4نوجوان گرفتار

05 جنوری ، 2025

ماسکو (اے ایف پی) روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ روس نے یکاترنبرگ شہر پر "دہشت گردانہ" حملے کی منصوبہ بندی کے شبے میں چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے، ملزمان میں سے ایک کا نیو نازی چینلز سے متاثر ہوکر پولیس کی گاڑی کو جلانے کا اعتراف ۔ ایجنسیوں نے روس کی FSB سیکیورٹی سروسز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ 2007 اور 2008 کے درمیان پیدا ہونے والے چاروں ملزمان نے مبینہ طور پر شہر کے مصروف علاقوں میں غیر متعینہ "دہشت گرد" مقصد کے لئے دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان میں سے دو پر پولیس کی گاڑی کو آگ لگانے کا بھی الزام ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی TASS کی طرف سے شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں مشتبہ افراد میں سے ایک کو "ٹیلی گرام پر نیو نازی چینلز" کو سبسکرائب کرنے کے بعد پولیس کار کو آگ لگانے کا اعتراف کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس شخص نے کہا، "میں نے انہی چینلز میں پڑھا ہے کہ پولیس کے خلاف کارروائی کرنا ضروری ہے۔"