عالمی برادری بھارت کو کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں سے روکے،صدر،وزیراعظم

05 جنوری ، 2025

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیر میں ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے ، کشمیری عوام کے یوم ِحق ِخود اِرادیت پراپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا آج دنیا بھر کے کشمیری اقوامِ متحدہ کے کمیشن کی منظور کردہ قرارداد کی 76 ویں سالگرہ منا رہے ہیں قرارداد میں تنازعہ جموں و کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں ایک جمہوری انداز سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اس حق سے محروم رکھا ہوا ہے اور انہیں جبر، تشدد اور بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے 5 اگست 2019 ءسے بھارت ایسے اقدامات کر رہا ہےجن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی ڈھانچے کو بدلنا ہے تاکہ کشمیریوں کو اُنکے اپنے ہی وطن میں بے اختیار کیا جا سکے اِن مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ اٹوٹ ہے اور ان کی جدوجہد ِآزادی کو دبایا نہیں جا سکتا بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام ِمتحدہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ِخود ارادیت دلانے کی ذمہ دار ہے پاکستان بہادر کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد اور حق ِخودارادیت کے حصول میں انکی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے منصفانہ جدوجہد میں انکی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے کشمیری عوام سات دہائیوں سے اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکی، آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے جن کی بدولت جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہئے بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے ایسے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے جن سے اس علاقے کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع نوعیت کو نقصان پہنچے،،بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کچلتے ہوئے کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔