خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کی تقریبات ،100پاکستانیوں کو ویزے جاری

05 جنوری ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) بھارتی ہائی کمیشن نےحضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ر حمت اللہ علیہ کے عرس میں شرکت کیلئے ایک سو پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے۔ خواجہ معین الدین چشتی کے عرس میں شرکت کے لیے 5 سو پاکستانی زائرین کا کوٹہ مقرر ہے،،ایک دن تاخیر سے زائرین آج براستہ واہگہ انڈیا جا ئیں گے ۔ ایک سو پاکستانی زائرین آج واہگہ کے راستے اجمیر شریف روانہ ہونگے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے تصدیق کی کہ وزارت نے 502 پاسپورٹ 2 دسمبر کو جمع کروائے تھے۔ ان میں سے دو پاسپورٹ وزارت کے متعلقہ افسران کے ہیں جبکہ 500زائر ین کے تھے۔ زائرین نے شیڈول کے مطابق 4 جنوری کو صبح 8 بجے روانہ ہونا تھا تاہم انڈین ہائی کمیشن نے ہفتہ 4 جنوری کو شام ساڑھے چار بجے 102 پاسپورٹ مذہبی امور کے حوالے کیے ۔ زائرین اب آج بروز اتوار 5 جنوری صبح 8 بجے کوسٹرز کے ذریعے واہگہ سے روانہ ہونگے۔ دور دراز کے علاقوں کے زائرین 2 جنوری سے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ واپسی 14 جنوری کو ہو نی تھی۔ عرس کی تقریبات 6 تا 12 جنوری انڈیا میں جاری رہیں گی۔