حکومت اور PTI کے مذاکرات بغیر نتائج کے بات چیت تک محدود ہیں، وزیر دفاع

06 جنوری ، 2025

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہمیشہ مسائل کے حل اور مذاکرات کیلئے پرعزم رہی ہے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے مسلسل مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری بالادستی کو فروغ دینے کیلئے ماضی میں بھی اس حوالہ سے متعدد کوششیں کی ہیں۔ وفاقی وزیر نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک مذاکرات ٹھوس نتائج بغیر صرف بات چیت تک ہی محدود رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے اور ہم مذاکرات میں مثبت پیش رفت کیلئے پرامید ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے علاقہ میں میں امن کے معاہدے کے بعد کرم میں حکومتی قافلے پر حالیہ فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ایسے خطرات سے نمٹنے کیلئے صوبائی انتظامیہ کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کیساتھ مل کر اس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔