لوئر کرم ، دھرنا جاری ، ٹل پارا چنار روڈ بند ، قافلے روانہ نہ ہوسکے

07 جنوری ، 2025

لوئر کرم (جنگ نیوز) مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے جس کے باعث ٹل پاراچنار روڈ بند ہے۔لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے اور جرگہ ارکان دھرنے میں پہنچے اور حکومتی پیغام پہنچایا۔دھرنا منتظمین نے کہا ہے کہ جرگہ اراکین نے ٹل پاراچنار روڈ کھولنے کی گزارش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔دوسری جانب کرم کے متاثرہ علاقوں میں ٹل ہنگو سے گزشتہ روز بھی قافلہ روانہ نہ ہوسکا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ قافلہ گزرنے کی صورت میں چھپری چیک پوسٹ سے تری منگل تک کرفیو رہےگا ، شہری اورقبائلی باشندے غیرضروری سڑک پر موجود رہنے سے گریز کریں۔دو روز قبل بگن میں ڈپٹی کمشنرپرحملے کے بعد قافلے کی روانگی ملتوی کردی گئی تھی۔اُدھرڈرائیوروں نے بھی کہا ہے کہ سخت سردی میں مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اجازت ملنے کے منتظر ہیں جبکہ قافلے میں شریک 80گاڑیوں میں سبزی، پھل اور دیگرضروری سامان موجود ہے جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔