PIAکا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال، اسلام آباد سے پیرس پہلی پرواز، یورپی فضائوں میں پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہوگیا، حکومت

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد(جنگ نیوز،اے پی پی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کا یورپ کے لئے فلائٹ آپریشن ساڑھے چار سال بعد بحال ہو گیا، جمعہ کو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے پیرس کے لئے پہلی پرواز روانہ ہو گئی۔ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ محمد آصف نے یورپ کیلئے قومی ایئر لائن کے فلائٹ آپریشن کے دوبارہ آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسافروں کو الوداع کیا۔ یورپی یونین کی جانب سے قومی ائیر لائن پر تقریبا ساڑھے چار سال سے پابندی عائد کر رکھی تھی جس کے خاتمہ کے بعد یہ پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ محمد آصف نے یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بتدریج قومی پرچم بردار ایئرلائن پورے یورپ میں آپریٹ کرے گی۔ انہوں نے پی آئی اے کے ماضی کے وقار کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل فلیگ کیر ئیر ہمارا فخر اور ہماری شناخت ہے۔ وزیر ہوابازی نے بتایا کہ پی آئی اے کی برطانیہ اور امریکہ کیلئے پروازیں بھی شروع ہوں گی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی جائے گی اور اس کے بیڑے کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مارکیٹ پر دوبارہ تسلط قائم کرے گی۔ اس موقع پر وزارت ہوابازی کے سئنئر افسران، قومی ایئرلائن اور ایئرپورٹ حکام بھی موجود تھے ۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی تقریبا ساڑھے چار سال کے عرصے کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز جمعہ کو روانہ ہوگئی۔ پی آئی اے پیرس کیلئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔ پیرس آنے اور جانے والی پہلی اور دوسری پروازوں کیلئے فلائٹ بکنگ پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے، پی آئی اے نے انٹرانیٹ وائرلیس انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں مسافر اپنے موبائل فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ استعمال کرسکیں گے۔ مسافروں کی جانب سے فلائٹ پر مثبت ردعمل اور مسرت کا بھی اظہار کیا۔ پیرس کی پروازیں اب فرانس اور پاکستان میں پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش کو پورا کریں گی۔ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو وقت کی بچت کی سہولت کیساتھ سستے داموں ٹکٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی۔ اللہ کے فضل و کرم سے حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا۔