تعلیم تک رسائی ہر عورت کا شرعی ، معاشرتی حق ہے ،وزیرمذہبی امور

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ایک تعلیم یافتہ عورت نسلوں کی نگران ہوتی ہے، اس لئے تعلیم تک رسائی ہر عورت کا شرعی اور معاشرتی حق ہے ،ہم سب کو مل کر عورتوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور جن جن چیلنجز کا انہیں سامنا ہے ان کو دور کرنا چاہئے۔جمعہ کو انہوں نے مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے عنوان سے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے میں ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہیں، وہ مائیں ،بیٹیاں، بیویاں اور بہنیں ہیں ،حضرت محمد ﷺ نے عورتوں کے لئے تعلیم کی اہمیت پر بہت زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک تعلیم یافتہ عورت نسلوں کی نگران ہوتی ہے، ایک ماں کے طور پر وہ اپنے بچوں کی پہلی استاد ہوتی ہے،ایک تعلیم یافتہ ماں اپنے بچوں میں اقدار، اخلاقیات اور علم کی محبت پیدا کرتی ہے، معاشرے کے مستقبل کے رہنماؤں کی تشکیل کرتی ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ لڑکیوں اور عورتوں کے لئے علم کا حصول شریعت کے مقاصد اور عوامی مفاد کا ایک تقاضا بھی ہے،تعلیم عورتوں کو معاشرتی ترقی میں فعال طور پر حصہ لینے کی طاقت دیتی ہے، تعلیم خواتین کو اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے، اپنے حقوق کی وکالت کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہونے کے لئے تیار کرتی ہے،اسلامی تاریخ میں عورتوں کی مثالیں ہمارے لئے ایک روشنی کی کرن ہیں۔