پاکستان کے61فیصد کاروباری اداروں کے لیے ڈیٹا پروٹیکشن ایک اہم چیلنج

11 جنوری ، 2025

کراچی (این این آئی)ایک آئی ٹی ایکسپرٹ کمپنی کی جانب ماہرین سے کیے گئے سروے میں پاکستان کے 61 فیصد کاروباری اداروں کے لیے ڈیٹا پروٹیکشن ایک اہم چیلنج قراردیا گیا ہے جب کہ عالمی سطح پر33فیصد کمپنیوں نے ڈیٹاکے تحفظ پر تشویش کااظہار کیاہے۔ کاسپر سکائی (Kaspersky) آئی ٹی سیکورٹی اکنامکس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی آئی ٹی سیکورٹی کی ضروریات اور تقاضوں میں عالمی سطح پر کمپنیوں کی اکثریت پیداواری صلاحیت میں کمی، پیچیدہ ٹیکنالوجی کے ماحول کو محفوظ بنانے اور ڈیٹا کے تحفظ کو فعال کرنے کے بنیادی چیلنجز سمجھتے ہیں جب کہ پاکستان میں ڈیٹا کا تحفظ ایک اہم کاروباری چیلنج ہے ۔کاسپرسکائی آئی ٹی سیکورٹی اکنامکس رپورٹ ہر سال بجٹ میں تبدیلیوں، مسائل اور آئی ٹی سیکورٹی کے فیصلہ سازوں کو متاثر کرنے والے کاروباری چیلنجوں کا تجزیہ کرنے کے لیے جاری کی جاتی ہے۔ یہ رپورٹ مختلف صنعتوں اور اداروں کے آئی ٹی اور آئی ٹی سیکورٹی پروفیشنلز کے انٹرویوز سے مرتب کی گئی ہے۔ یہ سروے یورپ کے 27 ممالک، ایشیا پیسیفک ریجن، لاطینی امریکا، شمالی امریکا، مشرق وسطیٰ، ترکی اور میٹا ریجن بشمول پاکستان میں کیا گیا۔ماہرین کے لیے ڈیٹا کا تحفظ ایک اہم تشویش ہے جس کا اظہار عالمی سطح پر 33 فیصد کمپنیوں اور پاکستان میں 61 فیصد کاروباری اداروں نے کیا۔