گورنر سندھ کا فلسطینیوں کی نسلی کشی پر اظہار تشویش ،اسرائیلی جارحیت کی مذمت

11 جنوری ، 2025

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسلی کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اورکہاکہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے، پاکستان فلسطینوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔گورنر سندھ نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفارتخانے کادورہ کیا اور فلسطینی سفیرزہیر ایم ایچ درزید سے ون آن ون ملاقات کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دیرینہ تنازع کادو ریاستی حل انتہائی ناگزیر بن چکا، جس میں تاخیر مشرق وسطیٰ کو آگ کا ڈھیر بنا دے گی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ فلسطین کے سفیر نے کہا کہ امت مسلمہ کو پاکستان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔