(ن)لیگ کی مذاکراتی کمیٹی نواز شریف کی مرضی سے بنی، سینیٹر عرفان صدیقی

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی نواز شریف کی مرضی سے بنی، بہت سی قوتیں ہیں جو دلوں میں رخنے ڈالتی ہیں، اسی لیے شہباز شریف نے وسوسوں کا لفظ استعمال کیا تھا،تحریک انصاف سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے جو ہورہا ہے مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ہورہا ہے۔ایک نیوز ویب پورٹل کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کو سامنے رکھیں تو یقین اور ایمان کا نور کبھی نہیں بھرتا، دلوں میں وسوسے تو رہتے ہیں۔ہمارے ہاں صبح حکومتیں ہوتی ہیں اور شام کو نہیں ہوتیں۔ شہباز شریف نے اگر وسوسے کا لفظ استعمال کیا تو میں سمجھتا ہوں کہ بہت سی قوتیں ہیں جو دلوں میں رخنے ڈالتی ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بقول اگر اس حکومت کے 3، 4 مہینے رہتے ہیں تو پھر اس حکومت سے کیوں بات چیت کی جارہی ہے، یہ تو ویسے بھی جارہے ہیں تو کیوں وقت ضائع کررہے ہیں۔ میرے نزدیک کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے جو ہورہا ہے مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ہورہا ہے۔عرفان صدیقی نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی نواز شریف کی مشاورت اور مرضی سے بنی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جو کمیٹی بنی وہ ابھی بھی اپنے موقف میں کلیئر نہیں ہے۔