اسرائیلی توسیع پسندانہ کیخلاف عالمِ اسلام کو ٹھوس لائحہ عمل بنانا ہوگا،لیاقت بلوچ

11 جنوری ، 2025

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا فاشزم، توسیع پسندانہ عزائم عیاں ہوگئے۔ عالمِ اسلام کے ہر ملک کیلئےخطرات دروازوں پر دستک دے رہے ہیں۔ عالمِ اسلام کی قیادت کو روایتی کانفرنسز اور قراردادوں سے بالاتر ہوکر سیاسی، سفارتی، عسکری اور اقتصادی چیلنجز کے مقابلہ کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ غزہ، لبنان، شام، یمن کے بعد ایران، سعودی اور پاکستان کیلئے حقیقی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ پاکستان، افغانستان، ایران کے تعلقات میں فاصلے، بے اعتمادی کی خلیج سے افغانستان کی پوزیشن کو امریکہ اور ہندوستان اچک رہے ہیں۔ خطہ میں امن و استحکام کیلئے پاکستان، ایران اور افغانستان کے مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔