امریکی سفیر بلوم کی مدت مکمل ، آج واپسی، نٹالی بیکرقائم مقام سفیرہونگی

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد(جمیلہ اچکزئی )تقریباً تین سال تک پاکستان میں خدمات انجام دینے کے بعد، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے عہدے سے باقاعدہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد میں ان کی سفارتی مدت کا اختتام ہوا۔وہ آج (ہفتہ) پاکستان سے روانہ ہو جائیں گے، امریکی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق"مسٹر بلوم کا تبادلہ امریکی فارن سروس کے معمول کے روٹیشن عمل کا حصہ ہے،" ترجمان نے ایک بیان میں کہا۔امریکی ڈپٹی چیف آف مشن نٹالی بیکر نئے سفیر کی تقرری تک عبوری طور پر یومیہ امور دیکھنے کے لیے قائم مقام سفیر کے طور پر کام کریں گی۔یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری سے تقریباً دو ہفتے قبل، جو 20 جنوری کو مقرر ہے۔نئی امریکی انتظامیہ کے چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی، پاکستان میں نئے امریکی سفیر کی تقرری یا اس حوالے سے فیصلہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کریں گے۔بلوم، جو ایک تجربہ کار فارن سروس افسر ہیں، مئی 2022 میں پاکستان پہنچے تھے، جب موجودہ بائیڈن انتظامیہ نے انہیں سفارتی عہدے کے لیے مقرر کیا تھا۔ یہ عہدہ تقریباً چار سال تک خالی رہا تھا۔ان کے پیش رو، سفیر ڈیوڈ ہیل، اگست 2018 میں اسلام آباد میں اپنی تین سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد روانہ ہو گئے تھے۔امریکی صدر سفیر نامزد کرتے ہیں، جن کی سینیٹ فارن ریلیشنز کمیٹی جائزہ لیتی ہے۔اگر کمیٹی منظوری دے تو مکمل سینیٹ نامزدگی کی توثیق کے لیے ووٹ دیتی ہے، جس سے صدر کو باضابطہ تقرری کا اختیار ملتا ہے، ورنہ ایک قائم مقام سفیر عارضی طور پر سفارتخانے کے امور دیکھتا ہے۔امریکی سفارتخانے کے بیان میں مسٹر بلوم کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔"مجھے ہماری پیش رفت پر فخر ہے اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے پر امید ہوں۔