ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد کی آفیشل ویب سائٹ کا آغاز ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے افتتاح کیا

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد (رپورٹنگ ٹیم : عاصم جاوید ، اویس یوسف زئی) وکلا ءاور سائلین کی سہولت کیلئے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کی آفیشل ویب سائٹ لانچ کر دی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ بار سے خطاب میں کہا کہ ماتحت عدلیہ اور وکلا ءپر فخر ہے،ہائیکورٹ ججز تعیناتی سے متعلق اچھی خبر ملے گی ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعظم خان کا خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ عام سائلین اور وکلا ءکیلئے آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں جمعہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق ڈسٹرکٹ کورٹس پہنچے تو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ محمد اعظم خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ محمد یار گوندل ، ایڈیشنل سیشن ججز اور سپرنٹنڈنٹ چوہدری محمد صدیق نے ان کا استقبال کیا۔ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ محمد اعظم خان ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ محمد یار گوندل ، اسلام آباد ایسٹ اور ویسٹ کے ایڈیشنل ججز زیبا چوہدری ، محمد افضل مجوکہ ، چوہدری عامر ضیا ، عدنان رسول لاڑک ، جاوید اقبال سپرا ، عبدالغفور کاکڑ ، شیخ محمد سہیل ، رانا مجاہد ، محمد بشیر بھٹی ، حسینہ ثقلین ، رسول بخش میر جت ، راجہ آصف محمود ، عبدالحفیظ میمن ، آغا ہارون ، محمد جہانگیر اور محمد عامر عزیز خان سمیت سینئر سول ججز ، سپرنٹنڈنٹ چوہدری محمد صدیق ، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس نور مرزا اور دیگر بھی موجود تھے۔ انچارج آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ہائیکورٹ عمر ڈار نے شرکا کو ویب سائٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ محمد اعظم خان نے خطبہ استقبالیہ میں ویب سائٹ کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس اقدام سے عام سائلین اور وکلا ءکیلئے آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں ، کسی بھی مقدمہ کے فریقین اور وکلا گھر بیٹھے اپنے مقدمات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے، اس سے نہ صرف وکلا اور سائلین کی سفری دشواریوں کا خاتمہ ہو گا بلکہ ان کا وقت بھی بچے گا اور عدالت میں سائلین کا رش بھی کم ہو جائے گا، خصوصاً اوور سیز پاکستانیوں کیلئے یہ اقدام انتہائی مفید ثابت ہو گا اور وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں بیٹھ کر اپنے مقدمات کے حوالے سے آن لائن معلومات لے سکیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ویسٹ محمد اعظم خان اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ محمد یار گوندل نے چیف جسٹس عامر فاروق کو شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے احاطہ عدالت میں قائم کی گئی سنٹرل لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔