کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی میں بھی جرگوں میں فیصلے کرنا شروع کردئے گئے ہیں،اسلحے کے کھلے عام استعمال نے ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے افسران کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔،قائد آباد گوشت والی گلی میں دو گروپوں کے درمیان جرگے میں ہونے والے تصادم میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں بے دریغ فائرنگ سے متعدد افراد سڑک پر زخمی ہو کر گرتے ہوئے دکھائی دیئے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار و حراست میں لے لیا ۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں 2 گروپوں کے درمیان چلنے والی چپقلش پر دونوں جانب سے بات چیت کے لیے جرگہ ہوا تھا جس میں ہونے والی تلخ کلامی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا واقعہ کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار اور 6 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔