جناح ہسپتال کے ڈائریکٹر کی معطلی کا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم

11 جنوری ، 2025

کراچی(آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کو عہدے پر بحال کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد رسول کی معطلی کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ ڈویژن بینچ نے ڈاکٹر شاہد رسول کو بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جے پی ایم سی بحال کر دیا۔ عدالت نے تحریری حکمنامے میں کہا کہ ڈویژن بینچ عمومی طور پرعبوری حکمنامے میں مداخلت نہیں کرتی تاہم انصاف کی فراہمی کیلئے ڈویژن بینچ کو مداخلت کرنا پڑی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ بظاہر سندھ حکومت جناح اسپتال میں تعیناتیاں کرتی ہے، وفاقی حکومت نے تعیناتیوں پر اعتراض نہیں کیا، بظاہر یہ نکات سنگل بینچ کے سامنے پیش نہیں کیے گئے۔ واضح رہے کہ جناح اسپتال کا سربراہ نا ہونے کے معاملے پر گزشتہ دنوں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ڈیڑھ، دو ماہ ہوگئے عدالت میں کیس چل رہا ہے، پیر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو میں خود فیصلہ کروں گا۔