ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق، 2زخمی

11 جنوری ، 2025

ملتان،قادر پور راں ،کچا کھوہ ،ٹبہ سلطان پور( سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران ) تھانہ قادرپورراں کے علاقے میں پاکپتن کا رہائشی محمد احمد موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کام پر جارہاتھا کہ خانیوال روڈ نزد نجی مل کے قریب منی ٹرک نے پیچھے سے ہٹ کیا جس کے باعث احمد چل بسا، کچاکھوہ 79دس آر کے قریب نیشنل ہائی وے روڈ پر لاہور سے ملتان جانے والی تیز رفتار بس نے ٹرک کو اوورٹیک کرتے ہوئے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے بس الٹ گئی اور بس میں سوار ملتان کا رہائشی سردار علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی چل بسا جب کہ بس میں سوار غلام عباس اور حارث سلام شدید زخمی ہو گئے - ٹبہ سلطان پور میں وہاڑی روڈ پر چک نمبر 124ڈبلیوبی کے قریب تیز رفتار مسافر بس نےموٹرسائیکل سوار قہوہ فروش کو کچل دیا، نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق ہونے والا پشتون نوجوان سبز قہوہ تیار کرکے دکانوں پر فروخت کرتا تھا اور چک نمبر 153ڈبلیوبی کا رہائشی تھا، حادثے کا باعث بننے والی بس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔