مری ،غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کیلئے نئے بلڈنگ بائی لاز جاری

11 جنوری ، 2025

راولپنڈی(راحت منیر)ضلع مری میں بے ہنگم اور غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کیلئے نئے بلڈنگ بائی لاز2024-25جاری کردئیے گے ہیں۔جو بائی لاز2022کی جگہ لیں گے۔بلڈنگ پلان کی سکروٹنی کیلئےپانچ رکنی کمیٹی ہوگی۔جس کے کنوینر ڈپٹی کمشنر مری ہوں گے۔اے سی متعلقہ،سی او مری،ایم او پلاننگ مری اور ایک کسی بھی محکمہ کا نمائندہ شامل ہوگا۔جبکہ بلڈنگ پلان کی منظوری سیکرٹری لوکل گورنمنٹ(کنوینر)کی سربراہی میںگیارہ رکنی کمیٹی دیا کرے گی۔جسے سکروٹنی کمیٹی کیس بھجوائے گی۔دس رکنی نشاندہی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔جس کے کنوینر اے سی ،سیکرٹری سی او مری ہیں۔جنگلات،ریونیووغیرہ کے نمائندے ممبرز ہوں گے۔9 مختلف قسم کے این او سی لازمی قرار دئیے گے ہیں۔محکمہ ہائی وے/این ایچ اے،محکمہ ماحولیات، پنجاب ایمرجنسی سروسز/ریسیکوڈبل ون ڈبل ٹو،محکمہ جنگلات،ٹریفک انجینئرنگ ایجنسی(ٹریفک پولیس)، محکمہ مال وغیرہ سے این او سی لینے ہوں گے۔بلڈنگ بائی لاز مسودہ138صفحات پر مشتمل ہے۔بلڈنگ پلان جمع کرانے سے منظوری و تعمیرات تک بی بی ون فارم تا بی بی 17تک جمع ہوں گے۔کھدائی سے چھت تک کے تعمیراتی کوڈز بھی طے کئے گے۔