جاپان کا پاکستان کے اساتذہ کیلئےسالانہ ٹیچرز ٹریننگ سکالرشپ کا اعلان

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد (صالح ظافر) جاپان نے پاکستان کے اساتذہ کے لیے MEXT (وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی) کی سالانہ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2025 کا اعلان کردیا۔ دلچسپی رکھنے والے اساتذہ جن کے پاس پرائمری یا سیکنڈری اسکول، سرکاری یا پرائیویٹ میں پانچ سال کا تدریسی تجربہ ہو، وہ تربیت حاصل کرنے کے لیے آگے آسکتے ہیں۔ عمر کی حد 35 سال تک مقرر کی گئی ہے۔ جاپانی مشن نے اعلان کیا ہے کہ تربیتی کورس کا مقصد پاکستانی اساتذہ کو جاپان میں اسکول تعلیم پر تحقیق کرنے اور جاپانی ماہرین سے نئے طریقہ کار اور تدریسی تکنیک سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے جس سے ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ زیادہ سے زیادہ 18 ماہ دورانیہ کا نان ڈگری ٹریننگ کورس ہے، لیکن درخواست دہندہ کو جاپان کی یونیورسٹی میں مطلوبہ کورس مکمل کرنے کے بعد ایک سرٹیفکیٹ ملے گا۔درخواستیں بھیجنے کی آخری تاریخ 14 فروری 2025 ہے۔