پاکستانی پاسپورٹ کو 33ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد (این این آئی)ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جنوری سے جون 2025کے لیے دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی طاقت کے حوالے سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کو 33 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے، باربا ڈوس، جزائر کک، ڈومینیکا ،ہیٹی، مڈغاسکر ،روانڈا سمیت12ممالک ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو اپنے پاسپورٹس پر جانے کے لیے ویزا لینے کی ضرورت نہیں۔البتہ ویزا فری ممالک میں بھی جانے کے لیے پاسپورٹ پاس ہونا ضروری ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارباڈوس (کیریبئین جزائر کا ایک ملک) میں ویزا فری قیام ممکن ہے۔جنوبی بحرالکاہل میں واقعی جزائر کک میں جانے کے لیے بھی پاکستانی شہریوں کو ویزا لینے کی ضرورت نہیں۔ڈومینیکا (کیریبئین جزائر کا چھوٹا ملک) میں بھی ویزے کے بغیر قیام ممکن ہے۔کیریبئین جزائر کا ایک اور ملک ہیٹی بھی ویزے کے بغیر قیام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔براعظم افریقا میں واقع دنیا کے سب سے چوتھے بڑے جزیرے مڈغاسکر میں بھی پاکستانیوں کو ویزا کے بغیر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔بحر الکاہل میں جزائر پر مشتمل ملک مائیکرو نیشیا میں بھی ویزا فری قیام ممکن ہے۔کیرینئین میں واقع برطانیہ کے زیرتحت جزائر پر مشتمل خطے مانٹسریٹ میں بھی آپ ویزا لیے بغیر جاسکتے ہیں۔