غزہ جنگ کی حمایت کرنے والے اداکار جیمز وڈز اپنا گھر جلنے پر روپڑے

11 جنوری ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی بےقابو آگ میں غزہ جنگ کی حمایت کرنے والے ہالی ووڈ اداکار جیمز وڈز بھی اپنے گھر سے محروم ہوگئے ہیں، ایک انٹرویو کے دوران جیمز وڈز اپنا گھر جلنے کے واقعے پر رو پڑے۔ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا، غزہ جنگ اور فلسطینیوں کے قتل عام کی حمایت اور جنگ بندی کی مخالفت کرنے والی پرانی پوسٹس یاد دلادیں، ایک صارف نے لکھا کہ یہی خدا کا انصاف ہے، اب بتائیں اپنے گھر کو تباہ ہوتے دیکھنا کیسا لگتا ہے۔ جیمز وڈز گزشتہ روز ’سی این این‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ’یہ اپنے کسی قریبی کو کھو دینے جیسا ہے، ایک دن آپ اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں تیر رہے ہوتے ہیں لیکن اگلے دن سب کچھ ختم ہوجاتا ہے‘انہوں نے بتایا کہ کس طرح ان کی بیوی اور آٹھ سالہ بھانجی نے انہیں اپنے گھر کی تعمیر نو میں مدد کے لئے اپنے گلک پیش کئے۔