وزیراعظم کی ترسیلات زر میں اضافے پر قوم کو مبارکباد

11 جنوری ، 2025

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلات زر میں اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ترسیلات زر میںاضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں، ایف بی آر محصولات کے مقدمات میں تاخیر کسی صورت براشت نہیں کی جائیگی، وزیر اعظم نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی، حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا،وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی اپیلوں کو خاک میں ملا دیا، دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئیگا۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مالی سال 2022 میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالرز تھیں جبکہ 2024میں 27 ارب ڈالرز رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2022میں شرح نمو 6.5 فیصد اور 2024 میں 2.4 فیصد سے بھی کم رہی ہے۔