لکی مروت، مغوی ملازمین کی ویڈیو پیغام میں حکومت سے اپیل، مقدمہ درج

11 جنوری ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) لکی مروت میں سرکاری ملازمین کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اغوا کئے گئے ملازمین کی شدت پسندوں کی تحویل سے ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مغوی اپیل کر رہے ہیں کہ اغوا کاروں کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ ان کی بازیابی ہو سکے اور طاقت کا استعمال نہ کیا جائے، ویڈیو میں مغوی کہتا ہے کہ ہم 10 افراد ان کی تحویل میں ہیں، ہمارے رہائی کیلئے اغوا کاروں کیساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لگ بھگ 10 افراد ایک نا معلوم مقام پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو میں ایک مغوی یہ کہہ رہے ہیں کہ گذشتہ روز جو کارروائی ہوئی ہے اس میں 7 افراد رہا کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ معذور تھے اور وہ ادویات لے رہے تھے اس لئے ان کو خود سے رہا کر دیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں مغوی کہہ رہے ہیں کہ آج جمعہ ہے اور 10 تاریخ ہے اب ہم 10 مغوی ان کی تحویل میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ ’افسران بالا سے درخواست کرتے ہیں ان اغوا کاروں کے ساتھ زور آزمائی کی جائے نہ ہی چھاپے مارے جائیں یا حملے کئے جائیں۔ اس سے ہمیں جانی نقصان کا خطرہ ہے۔