ڈاکٹرعافیہ کی رہائی ‘ 10 لاکھ سے زائد افراد نے رحم کی پٹیشن پرآن لائن دستخط کر دیئے

13 جنوری ، 2025

کراچی(صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کے نام رحم کی درخواست(mercy petition) پر دس لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن دستخط کردیئے ہیں جس میں ہرگھنٹے بعد ہزاروں کی تعداد میںاضافہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سبکدوش ہونے والے امریکی صدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئےرحم کی اپیل بھیجیں کیونکہ ہر سبکدوش ہونے والے امریکی صدر کو امریکی قانون کے مطابق قیدیوں کی سزا معاف کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے 10لاکھ دستخطوں کا ہدف حاصل کرنے پر ڈاکٹر عافیہ کے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’ہم سب نے باہم مل کر عافیہ کی آزادی کیلئے 10لاکھ سے زیادہ دستخط حاصل کرلئے‘‘۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی مزید کہا کہ یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ہمیں عافیہ کووطن واپس لانے کیلئے ابھی بھی آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے درخواست کی کہ وہ اس دستخط مہم کو 16 جنوری تک جاری رکھیں، لنک آگے شیئر کرتے رہیں۔