بھارت ،تین ریاستوں میں مذہبی، نسلی اور لسانی شدت پسندی عروج پر،غیرملکیوں پر پابندی

16 جنوری ، 2025

نئی دہلی ( آن لائن ) بھارت کی تین ریاستوں منی پور، ناگالینڈ اور میزورام میں غیر ملکیوں پر پابندیاں لگادی گئی ہیں یہ اقدام مذہبی، نسلی اور لسانی شدت پسندی اور علیحدگی کی تحریکوں کے زور پکڑنے پر اٹھایا گیا ہے،سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شمال مشرقی ریاستوں منی پور، ناگالینڈ اور میزورام کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں پر پابندیاں عائد کی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 2011 میں منی پور، ناگالینڈ اور میزورم کے علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے کیلئے پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی، 13 سال بعد یہ پا بند یاں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ عائد کردی گئی ہیں ، یونین وزارت داخلہ کی جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق منی پور، ناگالینڈ اور میزورام کی ریاستوں میں غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول اور مانیٹر کرنے کیلئے پروٹیکٹڈ ایریا ریجیم ( PAR ) دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے ، پروٹیکٹڈ ایریا پرمٹ میں سیاحوں کے داخلے کے مقام، رہائش اور قیام کی مدت جیسی تفصیلات لازم ہیں، غیر ملکی سیاحوں کو 24 گھنٹوں میں فارنر رجسٹریشن آفیسر ( FRO ) کے پاس رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگا۔