84ہندو یاتری مذہبی رسومات ادائیگی کے بعد واپس بھارت چلے گئے

16 جنوری ، 2025

لاہور ( این این آئی) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے84ہندو یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد واپس بھارت چلے گئے۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق ہندو یاتریوں نے پاکستان میں 11یوم قیام کے دوران سکھر، حیات پتافی، شادانی دربار پر ماتھا ٹیکا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر جاوید اعوان نے پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی ممبران کی ہمراہی میں ہندو یاتریوں کو الوداع کیا۔ امیگریشن اور کسٹمز کی ضروریات سے فراغت کے بعد ہندو یاتری بھارت روانہ ہوئے۔ ہندو یاتریوں کو الوداع کہنے سے قبل انہیں متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے خالصتاً ویج ظہرانہ پیش کیا گیا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز نے ہندو یاتریوں کو تحائف بھی پیش کئے۔ ہندو یاتریوں کے پردھان سنت شری ڈاکٹر یودھشٹر لال شادانی نے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت‘ پیار‘ بھائی چارے کا فروغ اور انسانیت کی تعظیم وقت کی ضرورت ہے۔ اقلیت نوازی کے معاملہ پر پاکستان حکومت جبکہ مہمان نوازی کے اعتبار سے متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے دل جیت لئے ہیں۔ کسی بھی مذہب میں انسایت کی تذلیل‘ تقسیم‘ قتل و غارت گری کا درس نہیں دیا جاتا۔ آج اپنے وطن واپس جا رہے ہیں مگر یہاں گزارا ہوا وقت اور پاکستان حکومت کی جانب سے دیا گیا پیار کبھی نہیں بھول پائیں گے۔ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل جتھے کے ہمراہ ہر سال پاکستان آ رہے ہیں، ہر سال متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے پہلے سے زیادہ گرم جوشی سے استقبال کیا جاتا ہے۔