شیخ حسینہ کے خاندان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، مزید کیسزدرج

16 جنوری ، 2025

راولپنڈی ( آن لائن ) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خاندان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، بنگلہ دیش کے انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے خلاف مختلف کیسز دائر کر دئیے ہیں، شیخ حسینہ، ان کی بہن صائمہ وزید اور دیگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے اراضی حاصل کی۔انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ، صائمہ وزید اور14دیگر افراد پر طاقت کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے، شیخ حسینہ کی بھانجی اور برطانوی وزیر ٹیولپ صدیق پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کرپشن کرنے کی کوشش کی، 2015 میں روس کے ساتھ معاہدے میں جوہری پلانٹ کی قیمت بڑھانے کے معاملے پر بھی تحقیقات جاری ہیں، شیخ حسینہ کے خاندان کے خلاف 3 . 9 ملین پائونڈ کی بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ٹیولپ صدیق پر الزام ہے کہ انہوں نے روپور پاور پلانٹ منصوبے میں کرپشن کی ، ٹیولپ صدیق اور ان کے خاندان کے دیگر ارکان کے خلاف کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں اور بنگلہ دیش میں ان کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، شیخ حسینہ اور ان کے حکومتی اقدامات کے خلاف عالمی عدالت میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات بھی دائر کیے گئے ہیں، بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف گرفتاری کے احکام جاری کئے گئے ہیں جبکہ 45 سابق وزراکے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔