عمران خان نے8فروری کو بلیک ڈے کا اعلان کر دیا ، فواد چوہدری

16 جنوری ، 2025

راولپنڈی ( نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج کسی کو سن ہی نہیں رہے سب پر مشترکہ فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یہی پتہ نہیں کہ ہمارا جرم کیا ہے اور مجھ پر فرد جرم عائد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کو بلیک ڈے کا اعلان کر دیا ہے، آٹھ فروری کو پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں احتجاج کریں۔ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ معاملات بہتری کی طرف جائیں، دوسری سائیڈ کو بھی اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ حکومت سیاسی قیدیوں اور پولیٹیکل ورکرز کے لئے نرمی پیدا کرے۔