آرمی چیف ملاقات، PTI کی تصدیق،گوہر،گنڈاپور کی پشاور میں ملاقات، اچھی بات، ملاقاتیں ہونی چاہئیں، عمران خان مطالبات سامنے رکھے، پارٹی چیئرمین

17 جنوری ، 2025

راولپنڈی ( عاصم جاوید ، فاروق اقدس ، طاہر خلیل )پاکستان تحریک انصاف نے آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کر دی ، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی پشاور میں آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کی پشاور میں آرمی چیف سے ملاقات اچھی بات، ملاقاتیں ہونی چاہئیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملاقات میں تمام معاملات ، مطالبات اور اپنے تمام مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھے،دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے درمیان ملاقات خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی معاملات کے تناظر میں ہوئی ، چیئرمین پی ٹی آئی نے سیاسی معاملات پر گفتگو کی کوشش کی جس پر انہیں سیاست دانوں سے بات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات کے حوالے سے سکیورٹی ذرائع تفصیلات سامنے لے آئے جن میں واضح کیا گیا کہ بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے بات چیت خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی امور پر ہوئی، بات چیت کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، کوشش کی گئی کہ سکیورٹی امور پر بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے۔ جمعرات کو اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں میڈیا کیساتھ بانی پی ٹی آئی کی غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافیوں نے ان سے بیرسٹر گوہر علی خان اور آرمی چیف کی ملاقات کے بارے میں پوچھا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے تفصیلات کا علم نہیں ، آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے، ہم چاہتے تھے مذاکرات ہوں۔انہوں نے کہا کہ ’اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے بات کرنی چاہئے،میں نے کبھی نہیں کہا کہ مذاکرات بند ہیں، ہمیشہ بات چیت کا کہا ، دوسری طرف سے دروازے بند تھے ، اب اگر بات چیت شروع ہوئی ہے تو پاکستان کے ہی استحکام کیلئے بات ہو گی۔ دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی تصدیق کی کہ میری اور علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے ملاقات علیحدگی میں ہوئی، ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی،دوسری طرف سے بھی مثبت جواب ملا ، اسٹیبشلمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں، امید ہے اب صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پارلیمنٹ ہائوس پہنچے تو صحافیوں نے سوالات پر ملاقات کی تصدیق تو کردی مگر یہ بھی بتا دیا کہ اندر کی باتیں باہر نہیں آئیں گی۔