PTIبتائے NCAنے 190ملین پائونڈ حکومت پاکستان کو کیوں واپس کئے؟ وزیر اطلاعات

17 جنوری ، 2025

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو چیلنج ہے کہ وہ بتائے نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پائونڈز حکومت پاکستان کو کیوں واپس کئے؟ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا ذریعہ آمدن کیا ہے؟ پی ٹی آئی دور میں کابینہ میں بند لفافہ کیوں منظور کیا گیا؟ پی ٹی آئی کو چیلنج ہے کہ وہ واضح کرے کہ اگر حکومت پاکستان، سرکاری خزانے اور عوام کا پیسہ نہیں تھا تو برطانیہ نے حکومت پاکستان کے حوالے کیوں کیا؟ جیسے یہ پیسہ آیا تو وہاں سے ملی بھگت اور کرپشن کی کہانی شروع ہوئی، 190 ملین پائونڈ سکینڈل کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، یہ پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کا پیسہ تھا، فرد واحد کے فیصلے سے سرکاری سطح پر اتنی بڑی خورد برد کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، اب سنا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن سکینڈل سے بچنے اور جیل سے باہر آنے کے لئے ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پر عالمی اداروں کا اعتماد ہے، پاکستان کی معاشی درجہ بندی بہتر ہو رہی ہے، پی آئی اے کیلئے یورپ کی فلائٹس بحال ہو گئی ہیں، ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریے دیئے گئے ، شرح سود کم ہوئی، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 3.9 فیصد پر آ گئی ، ملک کا ڈیفالٹ رسک ختم ہو چکا ، پچھلے دس گیارہ ماہ کے دوران ملک میں اچھی خبریں آئیں، بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے لیکن ایک وہ حکومت بھی تھی جس کے ہاتھ 190 ملین پائونڈ میگا کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں، جو ہر وقت اسی کھوج میں رہتی تھی کہ پیسے کیسے کمانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ میگا کرپشن سکینڈل کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شہزاد اکبر اس وقت بھی لگے رہے کہ کسی طریقے سے شہباز شریف کیخلاف باہر سے کوئی ورڈک لے لیں، این سی اے نے شہباز شریف کے خلاف پانچ ممالک میں تحقیقات کیں، ان کیخلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملی، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف کو بے گناہ قرار دیا، اسی نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پائونڈ ضبط کر کے پاکستان بھجوائے، میرا سوال ہے کہ این سی اے نے یہ پیسہ حکومت پاکستان کو کیوں دیا؟ اگر یہ رقم حکومت کی ملکیت نہیں تھی تو پھر این سی اے نے ایک پرائیویٹ شخص کی ملکیت میں کیوں نہیں رہنے دیا اور کیا ضرورت پیش آئی کہ وہ پیسہ اٹھا کر حکومت کو دے دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پیسہ اس لئے حکومت کو دیا گیا کیونکہ وہ پیسہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کی امانت تھی، یہ ٹیکس پیئرز کا پیسہ تھا، یہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، پاکستان کی ترقی پر خرچ ہونا تھا۔ لاہور زمان پارک میں کروڑوں روپے کا نیا گھر بنا، اس کے پیسے کہاں سے آئے؟ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پاکستان کی تاریخ کا واحد لیڈر ہے جو کہتا ہے کہ ان کا ذریعہ آمدن نہیں۔