غزہ میں سیز فائر کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہوگا،ملیحہ لودھی

17 جنوری ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کی اسپیشل ٹرانسمیشن میں پاکستان کی سابق سفیر ملیحہ لودھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں سیز فائر کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہوگا،سینئر تجزیہ کار منصور جعفر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں یہ ایک بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے ،معاہدے کے جو ضامن ہیں ان پر بھی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے غزہ جنگ بند کرنے کی ضرورت تھی ،15مہینے یہ جنگ جاری رہی ، جس میں اسرائیل نے بربریت کی ، اتنے فلسطینیوں کو شہید کیا، یہ ایک سفارتی کامیابی ہے ، میں سمجھتی ہوں کہ ڈیل ہوجائے گی مگر اس کے نفاذ میں تھوڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ سینئر تجزیہ کار منصور جعفر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں یہ ایک بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے ،خاص طور پر اتنی طویل جنگ میں جس میں اتنے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اب اس کے حوالے سے ایک روک لگانے کا امکان پیدا ہوا ہے لیکن فلسطین کو جس مخالف فریق سے سامنا ہے اس کی تاریخ معاہدات پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے زیادہ اچھی نہیں ہے۔